بنگلورو،4/جون(ایس او نیوز/ایجنسی)کرناٹک اسٹیٹ کنٹراکٹرس اسو سی ایشن کے صدر کیمپنا کی قیادت میں اسوسی ایشن کے عہدیداروں کا ایک وفدنے وزیر اعلیٰ سدا رامیا سے ملاقات کی۔ اس دوران کنٹراکٹروں کے باقی22ہزار کروڑ روپیوں کو فوری جاری کرنے کی گزارش کر تے ہو ئے یادداشت پیش کی۔
اسوسی ایشن کے صدر کیمپنا نے بتا یا کہ وزیر اعلیٰ نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ رقم جاری کرنے کے لئے درکار اقدامات کریں گے۔انہوں نے بتا یا کہ محکمہ آبپاشی،تعمیرات عامہ، دیہی ترقیات سمیت مختلف محکمہ جات،کارپوریشنوں اور بورڈس کے کاموں کو روکنے کے لئے حکومت نے سرکیولر جاری کی ہے۔انہوں نے بتا یا کہ سرکیولر میں واضح طو ر پر کہا گیا ہے کہ مکمل شدہ کاموں کی بلوں کی رقم جاری نہ کی جائے۔ کیمپنا نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے کنٹراکٹروں کو سخت مشکلات کے ساتھ ساتھ انہیں معاشی بحران کاسامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے بتا یا کہ کاموں کو اگر روک دیا گیا تو معیار برقرار رکھنا نا ممکن ہو جائے گا،اس کے علاوہ ریاست کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کو بھی خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی طور پر جاری تعمیری کاموں کو جاری رکھنے اور مکمل شدہ تعمیراتی کاموں کے بلوں کی رقم کو فوری جاری کرنے کے لئے وفد نے وزیر اعلیٰ سے گزارش کی ہے۔کیمپنا نے بتا یا کہ وفد نے حکومت سے جاری سرکیولر کو فوری واپس لے کر اس کی اطلاع تمام محکمہ جات کو دینے کی بھی گزارش کی ہے۔